• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالائی علاقوں میں مسلسل برفباری، نظام زندگی مفلوج، لوگ گھروں میں محصور

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث بالائی علاقوں میں زمینی رابطے منقطع ہوگئے ہیں۔

استور میں گزشتہ رات سے مسلسل برفباری جاری ہے جس سے نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا ہے اور لوگ گھروں کے اندر محصور ہیں۔

اسکردو شہر اور گردو نواح میں بھی برفباری کے باعث بالائی علاقوں کے ساتھ زمینی رابطے منقطع ہوگئے ہیں، یہاں بھی معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔

دیر شہر میں بھی برفباری نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں جبکہ سیاحتی مقام کمراٹ سمیت لواری ٹنل میں دو فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔

ڈوگدرہ، کوہستان میں رابطہ سڑکیں بند ہیں اور شہر میں رات سے بجلی کی سپلائی بھی معطل ہے۔

مالم جبہ میں 3 فٹ اور کالام میں ڈھائی فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی۔

کوہستان میں پٹن ایف ڈبلیو کیمپ کے پاس راولپنڈی سے گلگت جانے والی بسیں برف میں پھنس گئیں جن میں بچے، بوڑھے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں ہنزہ اور نگر میں برفباری کے باعث رابطہ سڑک بند ہوگئی، وادی چیپورسن میں خیموں میں مقیم زلزلہ متاثرین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب پشاور میں گزشتہ روزسے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا ہے جبکہ گلیات اور مری میں رات کو شدید برفباری ہوئی جس کے بعد پھلگراں ٹول پلازا سے مری کی طرف ہر قسم کی ٹریفک کو بند کردیا گیا۔

ادھر جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد ٹھنڈ کی شدت بڑھ گئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید