• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک آسٹریلیا سیریز کا پرومو جاری، ہینڈ شیک کا ذکر کر کے بھارت پر طنز

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل بھارت پر طنزیہ پرومو جاری کردیا۔

مذکورہ پروموشنل ویڈیو میں پاکستانی ثقافت و مہمان نوازی اور حالیہ نو ہینڈ شیک تنازع کو موضوع بنایا گیا ہے۔

پرومو میں پاکستان کی مہمان نوازی اور کرکٹ سے گہری وابستگی کو اُجاگر کرتے ہوئے پہلے منظر میں ایک سیاح کو دیکھایا گیا جو بادشاہی مسجد کا دورہ کرتا ہے اور پھر ایک ریسٹوران میں اس کے سامنے من و سلویٰ پیش کیا جاتا جسے دیکھ کر سیاح پریشان ہوجاتا ہے کہ اس کا بل کون ادا کرئے گا، جس پر اسے بتایا جاتا ہے اس کا بل ’آغا جی‘ نے ادا کر دیا ہے۔

یہ آغا جی اور کوئی نہیں بلکہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا ہیں، جبکہ پاکستانی بالر ابرار احمد آسٹریلوی سیاح کو کھانے سے لطف اندوز ہونے کا کہتے ہیں۔

اس کے بعد ایک منظر میں ایک آسٹریلوی سیاح ٹیکسی میں سفر کرتا ہے، جہاں ڈرائیور کرایہ لینے سے انکار کرتے ہوئے مہمان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ تاہم آسٹریلوی مسافر ٹیکسی سے اترتے وقت جب مصافحہ کیے بغیر آگے بڑھ جاتا ہے تو ڈرائیور مزاحیہ انداز میں کہتا ہے کہ ہینڈ شیک بھول گئے آپ، لگتا ہے پڑوسیوں کے پاس بھی رُکے تھے۔

اس منظر کو وسیع پیمانے پر 2025 کے ایشیا کپ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہ کرنے کے بھارتی فیصلے کی طرف اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ بعدازاں یہی طرزِ عمل بھارت کی خواتین اور جونیئر ٹیموں نے بھی پاکستان کے خلاف اپنے میچز میں اپنایا تھا۔

بھارت کے اس فیصلے نے اس وقت خاصی توجہ اور بحث کو جنم دیا تھا۔ اب پی سی بی کے حالیہ پرومو کے بعد بھارتی سیخ پا ہوگئے۔

ویڈیو میں ایک اور کردار آغا جی، اس پیغام کو مزید تقویت دیتے ہوئے کہتا ہے کہ پاکستانی بطور قوم نہایت مہمان نواز ہیں، تاہم جب بات کرکٹ کی ہو تو وہ مقابلے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 29 جنوری سے ہوگا۔ سیریز کے دوسرے اور تیسرے میچ بالترتیب 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلے جائیں گے، جبکہ تینوں مقابلے لاہور میں منعقد ہوں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید