• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب یمن کے 70 بجلی گھر چلانے کیلئے 8.12 کروڑ ڈالر فراہم کریگا

ریاض (شاہد نعیم)سعودی عرب یمن کے 70 بجلی گھروں کو چلانے کے لیے 8.12 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا، تفصیلات کے مطابق یمنی وزارت توانائی و بجلی، یمنی آئل کمپنی ’’بترومسيلۃ‘‘ اور سعودی ترقیاتی و تعمیراتی پروگرام برائے یمن (SDRPY) کے درمیان ایک سہ فریقی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کا مقصد یمن کے مختلف صوبوں میں بجلی پیدا کرنے والے 70سے زائد پاور اسٹیشنوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور مالی معاونت کو یقینی بنانا ہے۔اس معاہدے کے تحت کل 33.9 کروڑ لیٹر ڈیزل اور مازوت فراہم کیا جائے گا جس کی کُل مالیت 8.12 کروڑ امریکی ڈالر ہے۔ یہ اقدام یمنی اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے، بجلی کے شعبے میں استحکام لانے اور قومی تنصیبات کی مسلسل فعالیت کو یقینی بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا جس سے معاشی بحالی اور ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔ بجلی کی فراہمی میں بہتری سے اسپتالوں، طبی مراکز، اسکولوں، ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کی کارکردگی بڑھے گی۔

دنیا بھر سے سے مزید