بھارتی مشرقی ریاست مغربی بنگال میں نیپاہ وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی حکام نے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 100 افراد کو گھر میں ہی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جبکہ ایک مریض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ادھر تھائی لینڈ نے بھی بیماری سے بچاؤ کے اقدامات سخت کر دیے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق تھائی حکام نے ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر مغربی بنگال سے آنے والے مسافروں کے لیے متعدی امراض کی اسکریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ نیپاہ وائرس کا پہلا کیس 1998 میں ملائیشیا میں سامنے آیا تھا، جسے عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) مہلک زونوٹک قرار دیا تھا۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق نیپاہ ایک مہلک زونوٹک بیماری ہے، جو بنیادی طور پر پھل کھانے والے چمگادڑوں کے ذریعے پھیلتی ہے۔ یہ وائرس آلودہ خوراک کے استعمال یا انسان سے انسان میں براہِ راست منتقلی کے ذریعے بھی پھیل سکتا ہے۔
فی الحال اس بیماری کا کوئی خاص علاج یا منظور شدہ ویکسین موجود نہیں ہے۔