میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سانحہ گل پلازا کی تحقیقاتی رپورٹ کل پرسوں تک سامنے آجائے گی۔
واٹر کارپوریشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سانحہ گل پلازا کا ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، واقعہ کی ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔ کل پرسوں تک تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ جائے گی۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ سانحہ گل پلازا کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سانحہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے مستقبل کے لیے اقدامات کریں گے، کچھ فیصلے واٹر کارپوریشن نے، ہماری انتظامیہ نے کیے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج صبح میں نے حب ریزروائر کا وزٹ کیا میرے ساتھ صحافی دوست تھے، 40 سال بعد ریزروائر پر 15 ایم جی ڈی ٹینکوں کی صفائی کی جا رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ جو ملازمین ڈبل تنخواہیں لے رہے تھے ان کی تنخواہیں روکیں، 73 ملازمین پکڑے ہیں، ان میں 7 کے ایم سی اور واٹرکارپوریشن سے تنخواہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سسٹم کے ذریعے دیکھا تو 20 لوگ ایسے ہیں، جو ڈبل پنشن بھی لے رہے ہیں، اس وقت کے ایم سی کی تنخواہیں سیپ سسٹم کے ذریعے آتی ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ افراد آتے ہیں چلے جاتے ہیں ذمہ دار ہمیشہ قیادت ہوتی ہے، قانون شکنی کے حوالے سے بہت سے اقدامات کیے جاتے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بلدیاتی ادارے میں سیپ سسٹم نہیں تھا، پیپلز پارٹی کی قیادت نے بے ضابطگیوں کو روکنے کےلیے سیپ سسٹم کا نفاذ کیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں دہری ملازمت کرنے والے عناصر کی وجہ کروڑوں روپے کا نقصان ہوا، پچھلے سال سے کے ایم سی کی تنخواہوں کا نظام سیپ سسٹم پر منتقل کیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد حب ڈیم بھر گیا تھا، نئی کینال بنائی گئی ہے، حب ڈیم کی پرانی کینال کو بھی درست کرنے سے متعلق اقدامات کئے۔
میئر کراچی نے کہا کہ نئی کینال کا کام 8 ماہ میں مکمل ہوا، پرانی کینال کی مرمت جارہی ہے، وفاقی حکومت سے سو ایم جی ڈی کی پانی کی مقدار بڑھانے پر بات کرنا ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پانی آنا شروع ہوا تو چیلنج بنا ریزروائر میں کیپسٹی کا فقدان ہے، ساڑھے 7، ساڑھے 7 ایم جی ڈی کے دو ریزر وائر ہیں، 10 ایم جی ڈی پانی ویسٹ اور کیماڑی پہنچانے میں مدد ملے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایل ایس آر پمپنگ اسٹیشن کی مرمت سے متعلق ہم نے اقدامات کیے، فیصلہ کیا پمپنگ اسٹیشن کی بحالی کا کام کریں گے، 4 سے ساڑھے 4 ایم جی ڈی اضافی پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔