• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو ہمیں مار رہے ہیں، ہم اُن سے مذاکرات کی بات نہیں کرتے، بیرسٹر گوہر

فائل فوٹو
فائل فوٹو

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جو ہمیں مار رہے ہیں، ہم اُن سے مذاکرات کی بات نہیں کرتے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دہشت گردی پر سیاست اور نہ ہی نرم گوشہ ہونا چاہیے، ہماری آپس کی جنگ میں دہشت گرد جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ وفاق اور صوبے دونوں ہی کی ذمے داری ہے، وفاقی حکومت نے پریس ریلیز جاری کیا کہ وادی تیراہ میں انخلاء کا آرڈر نہیں کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اس ایشو پر پریس ریلیز کی ضرورت نہیں تھی، فون کرلیتے، انخلاء کا جو بھی ذمے دار ہے، آپس میں مل بیٹھنا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جو ہمیں مار رہے ہیں ہم ان سے مذاکرات کی بات نہیں کرتے، ہماری آپس کی جنگ میں دہشت گرد جیتیں گے، ایک بیانیہ بنالیں صوبائی اسمبلی کو آن بورڈ لے لیں۔

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ وادی تیراہ سے انخلاء کے معاملے پر وفاق اور صوبائی حکومت کو تیرا میرا نہیں کہنا چاہیے، سیاست میں ایک دوسرے کو اسپیس دینی پڑتی ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر فیصلہ کریں گے، کس کے ساتھ اور کب مذاکرات کرنا ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ گزارش ہے جو بھی ملاقات کراسکتا ہے ملاقات کرائے، پچھلی دفعہ بھی کہا تھا اکیلا نہیں ملوں گا، فیملی کی ملاقاتوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مجھے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ میں انفیکشن کی بات میڈیا سے پتہ چلی ہے، اگر ایسا کوئی معاملہ ہے تو یہ تشویش کی بات ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی کی ملاقات بہت ضروری ہے، بشری بی بی سے بھی فیملی اور وکلا کی ملاقات ضروری ہے، 2 نومبر 2025ء کو بشری بی بی اور 2 دسمبر کو بانی پی ٹی آئی کی ملاقات ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ 8 فروری تک ملاقاتیں بند کرینگے تو کیا 9 فروری کو سیاست ختم ہوجائے گی، نہ نیا پاکستان بنا نہ پرانا واپس لوٹا نہ ہائبرڈ نظام چل سکا ہے، پاکستان ریورس میں چلا گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ جتنی مرضی قانون سازی اور آئینی ترامیم کریں، جب تک لوگوں کے دلوں میں آپ کی عزت نہ ہو اس قانون سازی کا کوئی فائدہ نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے احکامات کے پابند ہیں، بانی پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی اور علامہ ناصر کو مینڈیٹ دیا ہے، جن کی جوڑی اب پوری ہوگئی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات نہیں دیے جانے چاہئیں، الفاظ کے معنی ہوتے ہیں اور اس کے نتائج بھی ہوتے ہیں، سہیل آفریدی نے کہا ہے صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے ساتھ بیٹھے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کا جرگہ ہوا، انہوں نے بھی کہا سب کو اعتماد میں لے کر دہشت گردی ختم کریں۔

قومی خبریں سے مزید