• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمانی وفد کی سرکاری خرچ پر روضہ رسولﷺ پر حاضری، سفارشات وزارت مذہبی امور کو ارسال

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پارلیمانی وفد کے سرکاری خرچ پر روضہ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم پر حاضری کے معاملے میں قائمہ کمیٹی نے سفارشات وزارت مذہبی امور کو بھجوا دیں۔

ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور قائمہ کمیٹی سفارشات حتمی منظوری کے لیے اسپیکر کو بھیجے گی۔

کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ پارلیمانی وفدکے ہوائی ٹکٹوں، مدینہ منورہ اور مکہ میں کھانے پیسے کے اخراجات قومی اسمبلی برداشت کرے۔

کمیٹی کی سفارشات میں کہا گیا کہ پارلیمانی وفد کےلیے ہوٹلوں یا سرکاری رہائش گاہوں میں انتظام کیا جائے جبکہ معاونت کےلیے پروٹوکول افسر بھی تعنیات کیا جائے۔

سفارشات میں مزید کہا گیا کہ قائمہ کمیٹی مذہبی امور کے سیکریٹری کو بھی وفد کا حصہ بنایا جائے جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد کے خطیب کو بطور گائیڈ وفد میں شامل کیا جائے۔

قائمہ کمیٹی کی سفارشات میں یہ بھی کہا گیا کہ اسپیکر اور وزارت مذہبی امور ہر سال محرم کے پہلے ہفتے میں کمیٹی اراکین نامزد کریں، اس وفد میں ہر پارلیمانی جماعت سے کم از کم ایک رکن نامزد کیا جائے۔

سفارشات میں کہا گیا کہ پارلیمانی کمیٹی کے اراکین میں ترجیحی طور پر قائمہ کمیٹی مذہبی امور کے ارکان کو شامل کیا جائے، پارلیمانی وفد ہر سال ربیع الاوّل کے دوسرے ہفتے میں روضہ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم پر حاضری دے گا۔

کمیٹی سفارشات میں کہا گیا کہ پاکستان کے عوام کی طرف سے وفد روضہ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم پر درود اور سلام پیش کرے گا، پارلیمانی وفد 7 روز سعودی عرب میں قیام کرے گا۔

قائمہ کمیٹی کی سفارشات میں کہا گیا کہ وفد کو طبی سہولت سرکاری خرچ پر فراہم کی جائے گی، مدینہ اور مکہ میں رہائش اور ٹرانسپورٹ کا انتظام ڈی جی حج جدہ کرے گا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور نے اتفاق رائے سے ذیلی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی۔

قومی خبریں سے مزید