تماشا لینڈ……
افریقی ملک تماشا لینڈ میں عجب تماشا جاری ہے۔
جہاں کہیں خالی زمین ہو، وہاں دو بستیاں آباد ہوجاتی ہیں۔
دونوں مفلوک الحال بستیاں ہر لحاظ سے یکساں ہوتی ہیں،
نہ اسپتال، نہ اسکول، نہ پکے مکان۔ فقط جھونپڑیاں، فقط غربت۔
البتہ ایک فرق واضح ہے، دونوں بستیوں کی پرانی جھونپڑوں پر
دو مختلف سیاسی پارٹیوں کے نئے پرچم لہرا رہے ہوتے۔
وسائل سے محروم ہونے کے باوجودان بستیوں کے باسی
ہمہ وقت اپنی پارٹی کیلئے جان دینے کو تیار رہتے۔
وہ لڑتے جھگڑتے، ایک دوسرے پر پتھراؤ کرتے، حملے کرتے،
اور اُن کی پارٹیوں کے لیڈر ایک ہی محفل میں،
ایک ساتھ بیٹھ کر یہ تماشا دیکھتے، اور قہقہے لگاتے۔
افریقی ملک تماشا لینڈ میں عجب تماشا جاری ہے۔