پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کے حال کا معلوم نہیں، معلوم نہیں کس آپریشن تھیٹر میں ان کا علاج ہوا۔
بیرسٹر گوہر سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےبابر اعوان نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی کی بہنوں کو اجازت دیں تاکہ اپنے بھائی کو دیکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے کہا گیا کہ بانئ پی ٹی آئی صحتمند ہیں، پھر کہا جیل میں ڈاکٹرز کی ٹیم ان کا خیال رکھ رہی ہے، پھر کہا گیا کہ چھوٹا سا مسئلہ تھا اس لیے رات کو پمز لایا گیا۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ زندگی ہر کسی کا حق ہے، ہم چیف جسٹس پاکستان کی معاونت کریں گے، جلد سے جلد پی ٹی آئی کے کیسز مقرر کریں، انصاف سے ہٹ کر رعایت نہیں مانگ رہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کی گئیں، بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی تمام درخواست ضمانتیں دائر ہیں لیکن مقرر نہیں کی گئیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی کی صحت سے عوام کو آگاہ نہ کرنا تشویشناک بات ہے، ان پر ایک ملک نہیں بلکہ پوری دنیا تشویش کااظہار کر رہی ہے۔
انہون نے کہا کہ وفاقی وزراء کو اپنے آپ پر یقین نہیں تو بانئ پی ٹی آئی پر کیا یقین دہانی کروائیں گے، حکومت سے کوئی ٹی او آرز طے نہیں ہوئے، سب افواہیں ہیں۔
گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی سے متعلق تحریک انصاف سے تصدیق کر لیا کریں۔
علی بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء نے جھوٹ بولا کہ بانئ پی ٹی آئی کی صحت بالکل درست ہے، بانئ پی ٹی آئی کے ایک ایک لمحے کی رپورٹ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ طبی معائنہ کے لیے نئی درخواست دائر کر دی ہے، 190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ ٹو کیسز تاحال مقرر نہیں ہوئے۔