• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی، جماعتِ اسلامی نہیں متحدہ نے عوام کا مقدمہ لڑا: علی خورشیدی

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی—فائل فوٹو
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی—فائل فوٹو

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا ہے کہ گل پلازا جوڈیشل انکوائری کا ایم کیو ایم پہلے دن سے مطالبہ کر رہی تھی اور اب ہمارے مطالبے پر جوڈیشل کمیشن بنایا گیا ہے۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ایم کیو ایم کے رہنما علی خورشیدی نے اراکینِ اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ صوبائی حکومت کے طرزِ حکمرانی پر تنقید کی ہے، کراچی میں پہلے ہی بنیادی ضروریات زندگی کا فقدان نظر آتا ہے، یہاں ڈکیتی مزاحمت اور گٹر کے ڈھکن نہ ہونے پر اموات ہو جاتی ہیں۔

کراچی کی حالت زار پر انہوں نے کہا ہے کہ ایسا شہر جہاں ٹرانسپورٹ کی سہولتیں تک دستیاب نہیں اور نظر آتا ہے کہ کراچی دنیا کا بدترین شہر ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سانحۂ گل پلازا پر حکومتی کمیٹی پر پہلے ہی عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا، انکوائری ان سے کرائی گئی جو اس سانحے کے ذمے دار تھے، حکومتی تحقیقاتی رپورٹ میں کسی ذمے دار کا نام نہیں لکھا گیا اور انکوائری میں بتایا گیا کہ اب جوڈیشل کمیشن بنانا ہو گا، یہی مطالبہ ہم کر رہے تھے اور ہمیں کہا جا رہا تھا کہ سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ سانحۂ گل پلازا پر وفاقی حکومت کی خاموشی بھی تشویشناک ہے، یہ امر افسوسناک ہے کہ اس شہر کو وفاق کی جانب سے بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

علی خورشیدی نے صوبائی ایوان میں حزبِ اختلاف کی دیگر جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے عوام کا مقدمہ لڑا اور الحمدللّٰہ کامیاب بھی ہوئی، تحریکِ انصاف اور جماعتِ اسلامی نے کراچی کا مقدمہ نہیں لڑا، قومی سانحے کے لیے احتجاج پر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ دینا تھا۔

ایم کیو ایم رہنما نے یہ بھی بتایا ہے کہ سانحۂ گل پلازا میں اموات ہوئیں، اربوں روپے کا نقصان ہوا، ہم نے سب کو اس حادثے پر جھنجھوڑا اور اس معاملے پر ہمارا ایک ہی نقطہ تھا کہ معاملے کی آزادنہ تحقیقات کرائی جائیں، اب حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا ہے، امید کرتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن صاف شفاف تحقیقات کرے گا۔

قومی خبریں سے مزید