• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 سالہ بیٹے کو ڈائیپر لگا کر اسکول بھیجتی تھی: عشرت فاطمہ کا شہزاد رائے کے نئے گانے پر ردِعمل

شہزاد رائے اور عشرت فاطمہ— فائل فوٹو
شہزاد رائے اور عشرت فاطمہ— فائل فوٹو

پاکستان کی معروف نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے بھی گلوکار شہزاد رائے کے تعلیم کے عالمی دن کے حوالے سے ریلیز کیے گئے نئے گانے کی تعریف کر دی۔

عشرت فاطمہ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر شہزاد رائے کے نئے گانے کا ٹریلر شیئر کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ شہزاد رائے ایک ایسے سماجی کارکن ہیں جن کی توجہ بچوں کی تعلیم پر ہے۔

نیوز کاسٹر نے لکھا ہے کہ تعلیم کے عالمی دن کے حوالے سے گلوکار کا نیا نغمہ ایسے موضوع کی طرف توجہ دلاتا ہے جس نے بچوں کا بچپن ختم کر دیا ہے اور معصومیت ان کے ذہنوں سے نکال دی گئی ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ سوا 2 سال کی عمر میں میرے بیٹے کا اسکول میں داخلہ ہوا تو میں اسے ڈائیپر لگا کر اسکول بھیجتی تھی، اس وقت ٹریننگ سے زیادہ ضروری تھا کہ اسے رنگوں، جسم کے حصوں، ہندسوں اور لفظوں کی شناخت کروائی جائے تاکہ اس کا اسکول میں داخلہ ہو سکے۔

عشرت فاطمہ نے لکھا کہ بھاری بیگ ڈھونا، رات گئے تک ہوم ورک کرنا، والدین کا بچوں کے ساتھ ان کے کام میں جُتے رہنا اور بہت کچھ۔

اُنہوں نے لکھا کہ نہ کھیل کے میدانوں سے آشنائی، نہ گلی محلوں میں بچوں تک رسائی، بس ذہن کتابوں، استادوں، پریزینٹیشنز اور پروجیکٹس کے بوجھ تلے دبے ہیں، زندگی شروع ہوتی ہے لڑکپن سے اور بچپن تو گویا آتا ہی نہیں۔

نیوز کاسٹر نے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ خدارا یہ حسین وقت بچوں کا حق ہے، انہیں جینے دیں اور اُنہیں مقابلے کی دوڑ میں ڈالنے کے بجائے ڈگریوں کے حصول کے لیے نہیں بلکہ فہم کے لیے تعلیم حاصل کرنے دیں۔

اُنہوں نے نئے گانے میں اس مسئلے کی نشاندہی کرنے پر گلوکار کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ شہزاد رائے نے بہترین کام کیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید