پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ 29 جنوری کو بلوچستان میں 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی تنظیموں کے 41 دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک کارروائی ضلع ہرنائی کے نواحی علاقے میں خفیہ اطلاعات پر کی گئی تھی جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
ہرنائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 30 خوارج جہنم واصل ہوئے۔
ہلاک دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تھا، ہلاک دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا تھا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
دوسری کارروائی ضلع پنجگور میں ایک اور خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی جس دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
ہلاک دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بینک میں ڈکیتی کے ذریعے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کی گئی، برآمد کی گئی رقم 15 دسمبر 2025ء کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے تعلق رکھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔