پمز اسپتال اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانا عمران سکندر نے بانی پی ٹی آئی کے علاج کی تفصیلات بتادیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ کی رگوں میں دباؤ کی وجہ سے بینائی پر اثر ہوا ہے، سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا معائنہ کرنے کے بعد ڈسچارج کر دیا۔
ڈاکٹر عمران سکندر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کچھ روز قبل دائیں آنکھ کی بینائی میں کمی کی شکایت کی تھی جس پر سینئر ڈاکٹر نے اڈیالہ جیل میں ان کا معائنہ کیا۔
ڈاکٹر عمران سکندر کے مطابق سینئر ڈاکٹر نے بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ کے ضروری ٹیسٹ کیے، بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ کی فنڈو اسکوپی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ آنکھ کے اندر دباؤ کی پیمائش، ریٹینا کی او سی ٹی کی گئی، بانی پی آئی کی آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص کی گئی۔
ڈاکٹر عمران سکندر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے مزید علاج کے لیے سینئر ڈاکٹر نے انہیں اسپتال بھیجنے کی سفارش کی جس پر انہیں علاج کے لیے پمز لایا گیا۔
ڈاکٹر عمران سکندر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو مرض اور علاج کے بارے میں تفصیل سے سمجھایا گیا، علاج سے پہلے باقاعدہ تحریری رضامندی بھی حاصل کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج آپریشن تھیٹر میں جراثیم سے پاک ماحول اور نگرانی میں کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کا علاج تقریباً 20 منٹ میں بخیر و خوبی مکمل ہوا۔