لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں سیوریج لائن میں گر کر ماں بیٹی کے جاں بحق ہونے کے کیس میں نامزد ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شفقت عباس نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔
ملزموں کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا، پروجیکٹ مینجر سمیت 5 ملزمان شامل ہیں۔
دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے چیک کی فوٹو کاپی عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک کروڑ روپے متاثرہ فیملی کو چیک کی صورت میں دیے ہیں، ہم نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک کروڑ روپے کا چیک دیا، بہت افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
سی ای او کمپنی کے بھائی نے عدالت میں بیان دیا کہ 54 سال میں پہلی بار کورٹ روم میں کھڑا ہوا ہوں۔
ملزم نے کہا کہ افسوسناک واقعہ ہوا ہے مگر اس میں ملوث نہیں ہوں۔
پولیس نے ملزمان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، عدالت نے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔