رواں ماہ محصولات وصولی میں 16 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جنوری 2026 کے دوران محصولات کی وصولی گزشتہ 6 ماہ کی اوسط نمو 10 تا 11 فیصد سے زیادہ ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ پیش رفت مالی سال 2026 کے باقی مہینوں کےلیے واضح اور حوصلہ افزا سمت کی عکاس ہے۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ وصولی 873 ارب روپے تھی۔ یہ پیش رفت ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کی ساکھ کو مزید تقویت دیتی ہے۔
انکم ٹیکس کی وصولی 381 ارب روپے کے مقابلے میں بڑھ کر 483 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
جنوری میں سیلز ٹیکس کی وصولی 360 ارب روپے رہی، یہ گزشتہ سال کے 322 ارب روپے کے مقابلے میں 12 فیصد اضافےکو ظاہر کرتی ہے۔ یہ رجحان بڑی صنعتوں میں بحالی اور بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق ایف بی آر ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کے مؤثر استعمال کے ذریعے وصولیوں میں بہتری لا کر ٹیکس کمپلائنس کو بہتر بنارہا ہے، ایف بی آر ٹیکس نیٹ کو وسعت اور ٹیکس دہندگان کے اعتماد کو فروغ دے رہا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ایف بی آر نے 7 ہزار 176 ارب روپے محصولات اکٹھے کیے۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ وصولیاں 6 ہزار 490 ارب روپے تھیں۔
ایف بی آر باقی مہینوں میں بھی ایسی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ بڑی صنعتوں میں بحالی اور نمو کا رجحان برقرار رہنے کی امید ہے۔