وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی محمود خان اچکزئی سے اپوزیشن چیمبر میں ملاقات میں حرج نہیں۔ وزیراعظم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اور پارلیمانی جمہوریت اسی سے آگے بڑھتی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی کو تجویز دی تھی کہ آپ وزیراعظم پاکستان سے ملیں، میں نے تجویز کیا کہ لیڈر آف دی اپوزیشن اور لیڈر آف دی ہاؤس کو ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے محمود خان اچکزئی کو کہا تھا اگر آپ مناسب سمجھیں تو میں وقت طے کر لیتا ہوں جس پر محمود خان اچکزئی نے کہا ’آپ ابھی ٹھہریں چند دنوں تک آپ کو بتاؤں گا۔‘
رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ اگر محمود خان اچکزئی وزیراعظم کو ملنا چاہیں تو وزیراعظم انہیں ویلکم کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان جس دن پارلیمنٹ آئیں گے اپوزیشن قیادت سے ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی محمود خان اچکزئی سے اپوزیشن چیمبر میں ملاقات میں حرج نہیں، وزیراعظم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اور پارلیمانی جمہوریت اسی سے آگے بڑھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ملاقات میں سیکیورٹی اور فنانس پر بات ہوئی، وزیراعظم نے سی ٹی ڈی کو فعال کرنے اور ریسورسز مہیا کرنے کا کہا۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت سے روابط کے حوالے سے مثبت رد عمل دیا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے بتایا کہ وفاقی وزرا محسن نقوی، احسن اقبال اور امیر مقام بھی ملاقات میں موجود تھے۔