وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کل کی اپنی بسنت کی تمام مصروفیات منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
ایک بیان میں مریم نواز نے لبرٹی اسکوائر پر کل ہونے والا میگا بسنت شو منسوخ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ میں کل کی اپنی تمام مصروفیات منسوخ کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قوم خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد ہے، دہشت گردوں پر کوئی رحم نہیں ہوگا، پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنی امیدیں ٹوٹنے نہیں دینی چاہیے، ہمیں آج ہی ایک غیر مبہم فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم متحد اور یکجا ہو کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کھڑے ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور اُن کے ہمدردوں کے چنگل سے اپنا امن اور خوشحالی چھین کر واپس لیں گے، یہ ہمارا ملک ہے اسے حملہ آوروں سے بچانے کا عہد کرنا ہوگا، یہ ہماری ذمے داری، فرض اور قرض ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکے سے 31 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوئے، پولیس کے مطابق خودکش دھماکا نمازِ جمعہ کے دوران ہوا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق خود کش حملہ کرنے والے بم بار کی شناخت ہوئی ہے، اس نے افغانستان سے دہشت گرد کارروائیوں کی تربیت حاصل کی۔