ملتان (سٹاف رپورٹر) غیر متعلقہ افسران کو ہسپتالوں کی نگرانی سونپنے پر ڈاکٹرز کمیونٹی غم و غصے کا شکار، حالیہ جاری کیے گئے ایک سرکاری نوٹیفکیشن نے صوبے بھر میں ڈاکٹر برادری کو شدید غصے اور مایوسی میں مبتلا کر دیا،نوٹیفکیشن کے تحت ریونیو، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر اور مارکیٹ کمیٹی جیسے غیر طبی محکموں کے افسران کو سرکاری ہسپتالوں کی “نگرانی” سونپ دی گئی ہے، جسے طبی حلقے نہ صرف نااہلی بلکہ دانستہ تضحیک اور کھلی بے حسی قرار دے رہے ہیں،ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جن افسران کا میڈیکل سائنس، ہسپتال مینجمنٹ یا مریضوں کے علاج سے کوئی تعلق نہیں، وہ اب یہ طے کریں گے کہ ڈاکٹر وقت پر آیا یا نہیں، علاج درست ہو رہا ہے یا نہیں اور ادویات کیوں دستیاب نہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ میڈیکل سسٹم کی تذلیل کے مترادف ہے اور اس سے علاج کے معیار میں بہتری کے بجائے انتشار پیدا ہوگا۔