پتنگ……
برسوں بعد لاہور میں بسنت منائی جارہی ہے۔
چرخیوں اور پنوں پر ڈور مانجھا لپیٹا جاچکا ہے۔
گڈی، تکل، پان، پیالہ، پرا، ہر طرح کی پتنگیں تیار ہیں۔
لاہور جیسی بسنت کہیں نہیں منائی جاتی،
میرے لاہوری دوست حجازی نے جوش میں تقریر کی۔
ماشا اللہ، میں نے تعریف کی۔
حجازی نے پوچھا،
کراچی میں بسنت کیوں نہیں منائی جاتی؟
کیا کراچی والے پتنگ نہیں اڑاتے؟
میں نے کہا، کراچی والوں سے اونچی پتنگ کسی نے نہیں اڑائی۔
برسوں تک اونچی ہوا میں اڑتی رہی۔
لیکن پھر ایک پیجا غلط پڑگیا
اور کل کے لونڈوں نے کٹی پتنگ لوٹ لی۔