کراچی( اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر کی21 ویں مائی کراچی نمائش ایکسپو سینٹر میں شروع ، بہت دباؤ ہے کہ ای چالان جرمانے کی شرح کم کریں،وزیرِاعلی سندھ کا افتتاحی تقریب سے خطاب۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِاعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاہے کہ کراچی کی کامیابی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، حکومت، نجی شعبہ، سول سوسائٹی اور شہریوں کو مل کر چلنا ہوگا، بہت دباو ہے کہ ای چالان جرمانے کی شرح کم کریں،سانحہ گل پلازا میں جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے، سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ ان کا ازالہ کیا جائے، 2 سے 3 ہفتوں میں دکانداروں کو امدادی رقم فراہم کر دی جائے گی ، ایسے سانحات سے محفوظ رہنے کے لئے ہر شخص کے تعاون کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نےجمعہ کوکراچی چیمبر آف کامرس کے تحت ایکسپو سینٹر میں تین روزہ 21 ویں مائی کراچی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، نمائش میں 300 سے زائد پاکستانی کمپنیوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔، افتتاحی تقریب میں وزیر صنعت جام اکرام، معروف بزنس مین عارف حبیب، زبیرموتی والا سمیت دیگر صنعت کاروں اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔ مائی کراچی نمائش میں پاکستانی مصنوعات کو ترجیحی طور پر پیش کیا گیا ہے۔