• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کس بلڈ گروپ کے حامل افراد کو کینسر کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

کیا آپ جانتے ہیں کہ بلڈ گروپ کی مدد سے انسان کی مجموعی صحت کے بارے میں بہت سی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

بلڈ گروپ انسان کو مستقبل میں ہونے والی خطرناک بیماریوں کے امکانات سے بھی آگاہ کر سکتا ہے۔

حالیہ سائنسی تحقیقات میں اس بات پر توجہ دی گئی ہے کہ بلڈ گروپ کی اقسام کے حساب سے کینسر کے خطرات کس حد تک مختلف ہو سکتے ہیں۔

2019ء میں طبی جریدے بی ایم سی کینسر میں شائع ہونے والی تحقیق میں کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر خاص طور پر معدے کے کینسر اور بلڈ گروپ کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ معدے کا کینسر جسے میڈیکل میں’گیسٹرک کینسر‘ کہا جاتا ہے، معدے کی اندرونی جھلی میں خلیوں کی غیر معمولی نشوونما ہونے سے پیدا ہوتا ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ صحت مند خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔

تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کچھ مخصوص بلڈ گروپس کے حامل افراد میں معدے کے کینسر کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ 

تحقیق کے نتائج کے مطابق بلڈ گروپ اے اور اے بی کے حامل افراد میں معدے کے کینسر کا خطرہ نسبتاً زیادہ پایا گیا ہے۔ 

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلڈ گروپ اے کے حامل افراد میں یہ خدشہ بلڈ گروپ او کے حامل افراد کے مقابلے میں تقریباً 13 سے 19 فیصد زیادہ ہے جبکہ بلڈ گروپ اے بی کے حامل افراد میں یہ شرح 18 فیصد تک پائی گئی ہے۔

ماہرین صحت نے یہ بھی بتایا کہ بلڈ گروپ اے کے حامل افراد کے ہیلی کوبیکٹر پائلوری نامی بیکٹیریا سے متاثر ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں جسے معدے کے کینسر کی ایک اہم وجہ سمجھا جاتا ہے لیکن اس انفیکشن کے بغیر بھی بلڈ گروپ اے کے حامل افراد میں معدے کے کینسر کا خطرہ برقرار رہ سکتا ہے۔

ماہرین صحت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بلڈ گروپ کو براہِ راست کینسر کی واحد وجہ تو قرار نہیں دیا جا سکتا لیکن مختلف بلڈ گروپس کی جسمانی سوزش پر قابو پانے کی صلاحیت، مدافعتی نظام، خلیوں کے درمیان رابطہ اور معدے میں تیزاب کی مقدار مختلف ہوتی ہے اور یہ تمام عوامل بیماری کے خدشات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق معدے کا کینسر کئی عوامل کے امتزاج سے ہوتا ہے جن میں غیر متوازن خوراک، سگریٹ نوشی، شراب کا استعمال، موٹاپا، بعض انفیکشنز اور ماحولیاتی اثرات شامل ہیں۔ یہ بیماری ایشیا، مشرقی یورپ اور لاطینی امریکا کے کچھ حصوں میں زیادہ عام پائی جاتی ہے اور عمر بڑھنے کے ساتھ اس کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق مردوں میں اس کی تشخیص خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔

ماہرین صحت نے کینسر سے محفوظ رہنے کے لیے عوام کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے، متوازن غذا استعمال کرنے، تمباکو نوشی سے گریز اور باقاعدگی سے اپنا طبی معائنہ کروانے کا مشورہ دیا ہے۔

صحت سے مزید