• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی‘ بیروزگاری اور ٹیکسوں نے عوام کا جینا مشکل کر رکھا ہے‘ شیخ رشید

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہےکہ اس وقت ملکی سیاسی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے‘ حکمران طبقہ ذاتی مفادات کیلئے غریبوں کو پائوں تلے کچل رہا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری اور ٹیکسوں کی بھرمار نے عوام کا جینا مشکل کر رکھا ہے، غریب کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں ہے‘ جائے تو جائے کہاں؟ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے 13اور 14اگست کی درمیانی شب لال حویلی میں ہونیوالے جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں عمائدین حلقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میری آواز غریب اور متوسط طبقے کی آواز ہے لیکن بھتہ مافیا اور کمیشن مافیا کو غریب کے حق کیلئے نکلنے والی میری اس آواز سے تکلیف ہے۔ میرا جینا اور مرنا پاکستان کیلئے ہے‘ میں راولپنڈی کا باسی ہوں اور اس شہر کو کبھی لٹتا یا ڈوبتا ہوا نہیں دیکھ سکتا۔ اُنہوں نے سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کیلئے ہماری فورسز اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ بیگناہ لوگ بھی قربانیاں دے رہے ہیں‘ اس وقت قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء عوامی مسلم لیگ سٹی تنظیم کا اجلاس گزشتہ روز سابق ناظم راول ٹائون شیخ راشد شفیق کی زیرصدارت ہوا جس میں لال حویلی جلسہ کی کامیابی کیلئے مختلف آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ 
تازہ ترین