بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ مکمل ہوگیا۔
اسلام آباد کے بہترین اسپتالوں کے ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی، جو بانی پی ٹی آئی کے معائنے کے بعد واپس روانہ ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کا معائنہ کیا، بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی رپورٹ آج ہی مرتب کی جائے گی۔
ڈاکٹرز کی ٹیم اپنی رپورٹ مکمل کرکےحکومت کو دے گی، 5 رکنی سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم میں ٹیکنیشن بھی تھے، ڈاکٹروں نے تقریباً ایک گھنٹے تک اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا، ڈاکٹروں کی ٹیم میں ڈاکٹر رفیق، ڈاکٹر سکندر، ڈاکٹر عارف بھی شامل تھے۔
سپریم کورٹ نے 16فروری سے قبل بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی رپورٹ طلب کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی دعوت کے باوجود کوئی پی ٹی آئی رہنما جیل نہیں پہنچا، میڈیکل ٹیم پی ٹی آئی قیادت کی نمائندگی کے لیے جیل میں ڈھائی بجے سے منتظر تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے عمران خان کی آنکھوں کے چیک اپ کے لیے الشفاء آئی اسپتال کے 2 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور اسپتال منتقل نہ کرنے تک پارلیمنٹ ہاؤس میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔