• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: مسافر کے ویپ کی بیٹری نگلنے پر ملک بدری پرواز منسوخ

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

برطانیہ کی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ایک مصری شہری کو ملک بدر کرنے کے لیے مقرر کی گئی نجی پرواز اس وقت منسوخ کرنا پڑی جب مذکورہ شخص نے روانگی سے قبل ویپ (الیکٹرانک سگریٹ) کی لیتھیئم بیٹری نگل لی۔

حکام کے مطابق متعلقہ شخص ایک غیر ملکی مجرم ہے جس کی ملک بدری کی سابقہ کوششوں کے دوران ہنگامہ آرائی کی تاریخ رہی ہے۔ اسے برطانیہ سے پہلے البانیہ اور وہاں سے نجی طیارے کے ذریعے مصر بھیجا جانا تھا۔ 

حکام کے مطابق منصوبے کے تحت وہ دیگر ملک بدر کیے جانے والے افراد کے ساتھ البانیہ پہنچتا اور پھر ایک علیحدہ نجی پرواز کے ذریعے مصر روانہ ہوتا۔

ذرائع کے مطابق پرواز سے قبل اسے کئی روز تک علیحدہ حراست میں رکھا گیا تھا، اسی دوران اسے ویپ فراہم کیا گیا، جس کی بیٹری اس نے نگل لی۔ 

واقعے کے فوراً بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کامیاب علاج کے بعد اسے دوبارہ حراست میں دے دیا۔

وزارتِ داخلہ کے ٹھیکیدار ادارے کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی طور پر عملے کی جانب سے کسی ضابطہ شکنی کے شواہد نہیں ملے۔ 

ترجمان کے مطابق زیرِ حراست افراد کی حفاظت اور فلاح اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی ہوم آفس ملک بدری کے لیے نجی طیارے چارٹر کرتا ہے، جو عموماً البانیہ کے لیے ہوتے ہیں، تاہم دیگر یورپی اور افریقی ممالک کے لیے بھی پروازیں ترتیب دی جاتی ہیں۔ 

حکام کے مطابق حالیہ واقعے کے بعد حفاظتی انتظامات کا ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید