کراچی: نوجوان گلوکار ولی حامد علی خان نے اپنا نیا گانا ’پیار ہوا ہے‘ دنیا بھر میں ریلیز کر دیا ہے۔ گانے کا میوزک اور اس کے بول ولی نے لکھے جبکہ اس میں نامور اداکارہ و ماڈل زارا احمد نے بطور ماڈل حصہ لیا اور عون علی نے ویڈیو کو ڈائریکٹ کیا ہے۔
اس گیت کو شائقینِ موسیقی کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ ریلیز کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس گانے کے چرچے شروع ہوگئے اور مداحوں کی جانب سے مثبت تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔
نئے گانے میں جدید میوزک کے ساتھ دل کو چھو لینے والے بول شامل کیے گئے ہیں، جبکہ ولی حامد علی خان کی منفرد آواز نے گانے کو مزید مؤثر بنا دیا ہے۔ موسیقی ناقدین کے مطابق یہ گانا ناصرف موجودہ میوزک ٹرینڈز کی عکاسی کرتا ہے بلکہ نوجوان نسل کے جذبات کی بھی بھرپور نمائندگی کرتا ہے۔
ولی حامد علی خان نے گانے کی ریلیز کے موقع پر کہا کہ وہ اپنے مداحوں کی محبت اور سپورٹ کے شکر گزار ہیں اور آئندہ بھی معیاری اور منفرد موسیقی پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ گانا خاص طور پر ان لوگوں کے لیے ہے جو نئے انداز اور جدید موسیقی کو پسند کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ولی حامد علی خان اس سے قبل بھی کئی مقبول گانے ریلیز کر چکے ہیں اور اپنی محنت و لگن کے باعث پاکستانی میوزک انڈسٹری میں ایک منفرد مقام بنا رہے ہیں۔ ان کے نئے گانے سے بھی کامیابی کی توقع کی جا رہی ہے۔