• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ ایک بہت حسین اور امیر لڑکی کی داستان محبت ہے جس نے 18 سال کی عمر میں اپنے والدین کی مرضی کے خلاف شادی کر لی تھی۔ اس لڑکی کے خاوند کو تو ساری دنیا جانتی ہے لیکن اس لڑکی کو بہت کم لوگ جانتے ہیں کیونکہ وہ صرف 29 سال کی عمر میں اپنی سالگرہ کے دن اس دنیا سے رخصت ہو گئی تھی۔ اس لڑکی کا نام رتن بائی اور اس کے خاوند کا نام محمد علی جناح تھا جو پاکستان میں قائد اعظم اور بابائے قوم کہلاتے ہیں ۔ رتن بائی قیام پاکستان سے 18 سال قبل 20 فروری 1929 ء کو انتقال کر گئی تھیں اگر وہ زندہ رہتیں تو شائد مادر ملت کا لقب محترمہ فاطمہ جناح کی بجائے انہیں ملتا ۔ انکی وفات کے وقت قائد اعظم کی عمر 52 سال تھی لیکن انہوں نے دوسری شادی نہیں کی ۔ قائد اعظم اور رتن بائی کی محبت کی اس کہانی پر زیف سید نے "رتی" کے نام سے ایک ناول لکھا ہے ۔ رتن بائی کو پیار سے رتی کہا جاتا تھا اس لئے ناول کا نام بھی رتی ہے ۔ اس ناول کے اکثر کردار حقیقی ہیں۔ لیکن کچھ کردار فرضی بھی ، تاہم کوشش کی گئی ہے کہ فرضی کرداروں کو تاریخی سچائیوں کے قریب رکھا جائے۔ یہ ناول صرف رتی نہیں بلکہ قائد اعظم کی شخصیت کے بھی کچھ ایسے پہلو اُجاگر کرتا ہے جو صرف عام لوگوں سے نہیں بلکہ کئی تاریخ دانوں سے ابھی تک مخفی ہیں۔ ناول میں رتی کی کچھ نظمیں شامل ہیں کیونکہ وہ شاعرہ بھی تھیں اور کبھی کبھی اخبارات میں بھی لکھتی تھیں ۔ ناول کا آغاز 15 اگست 1947 ء کی شام سے ہوتا ہے جب قائد اعظم نے پاکستان کے پہلے گورنر جنرل کے طور پر حلف اُٹھایا۔حلف اُٹھانے کے بعد قائد اعظم نے سر غلام حسین ہدائت اللہ کو بلایا اور اُن کے کان میں کچھ کہا۔ سر غلام حسین ہدائت اللہ فوری طور پر وہاں موجود موسیقار کین میک کےپاس جاتے ہیں جو اپنے طائفے کے ساتھ دو گھنٹے پہلے ٹاٹا ایئر لائنز کی خصوصی پرواز کے ذریعے بمبئی سے کراچی پہنچا تھا ۔ کین میک تک قائد اعظم کی فرمائش پہنچ جاتی ہے اور پھر کلاسیکل موسیقارفریدرک شوپاں کی ایک مشہور طرز پرمبنی گیت so deep in the night کی دُھن بجائی جاتی ہے۔یہ وہ گیت تھا جو رتی کو بہت پسند تھا اور وہ بمبئی کے تاج محل ہوٹل کے آرکسٹرا سے اکثر اس گیت کی موسیقی سنا کرتی تھیں ۔ 15 اگست 1947 ء کو اُسی آرکسٹرا کو کراچی بلایا گیا تھا۔ قائد اعظم نے قیام پاکستان کی خوشی میں رتی کی یاد کو بھی شامل کر لیا تھا ۔ زیف سید نے اس موقع پر قائد اعظم کی طرف سے گورنرجنرل کے طور پر پڑھے جانے والے حلف کی جو عبارت اپنے ناول کا حصہ بنائی ہے وہ متنازع ہے ۔ قائد اعظم نے تاج برطانیہ سے وفاداری کا حلف اُٹھانے کی بجائے حلف کی عبارت کو تبدیل کر دیا تھا ۔ تحریک پاکستان کے کئی محققین کا دعویٰ ہے کہ قائد اعظم نے دراصل اس نافذ العمل آئین پاکستان سے وفاداری کا حلف اُٹھایا تھاجو بنایا جانا تھا ۔ بہر حال حلف کی اس تقریب کے بعد زیف سید ہمیں رتی اور جناح کی داستان محبت کی طرف لے جاتے ہیں جس میں کئی ڈرامائی اُتار چڑھاؤ آتے ہیں۔ رتی کا تعلق ایک پارسی خاندان سے تھا۔محبت میں پہل اُنکی طرف سے ہوئی تھی اسی لئے عمر کے فرق کے باوجود قائداعظم ان سے شادی پر راضی ہوئے۔1916 ء میں جب پہلی دفعہ قائد اعظم نے اُن کے والد ڈنشا پٹیٹ سے رتی کا ہاتھ مانگا تو رتی کے والد نے قائد اعظم کو اپنے گھر سے نکال دیا تھا ۔ 1917 میں ڈنشا پٹیٹ نے عدالت سے ایک حکم امتناعی حاصل کیا اور قائد اعظم کو رتی کے اٹھارہ سال کے ہونے تک ملنے سے روک دیا ۔ 20 فروری 1918 کو رتی اٹھارہ کی ہو گئیں تو اُنہوں نے تاج محل ہوٹل بمبئی میں اپنی سالگرہ کا اہتمام کیا۔اس موقع پر رتی نے فریدرک شوپاں کی موسیقی پر قائد اعظم کے ساتھ رقص کیا - 18 اپریل 1918 ء کو رتی نے بمبئی کی جامع مسجد میں اسلام قبول کیا۔ اُن کا اسلامی نام مریم رکھا گیا ۔ 19 اپریل 1918 ء کو شادی ہوئی اور نکاح کے بعد قائد اعظم نے اپنا بمبئی والا گھر دلہن کو تحفے میں دیدیا۔ 20 اپریل 1918 ء کو ڈنشا پٹیٹ نے اپنے انگریز وکیل سٹرنگ مین کے مشورے پر قائد اعظم کے خلاف بیٹی کے اغواء کا مقدمہ دائر کر دیا ۔ جیسے ہی عدالت میں مقدمے کی کارروائی شروع ہوئی تو رتی کھڑی ہو گئیں اور انہوں نے جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا" مائی لارڈ ! مسٹر جناح نے مجھے اغواء نہیں کیا، در حقیقت میں نے انہیں اغواء کیا ہے ۔ " رتی کے اس اعلان کے ساتھ ہی یہ مقدمہ ختم ہو گیا لیکن پارسی اخبارات اور کچھ مسلمان علماء نے قائد اعظم کے خلاف نفرت کا طوفان برپا کرنے کی کوشش کی ۔ کچھ مسلمان اخبارات نے قائد اعظم کا دفاع کیا لیکن جن مسلمان اخبارات نے قائد اعظم پر جھوٹے الزامات لگائے اُن کا ذکر زیف سید نے اپنے ناول میں نہیں کیا ۔ شائد ناول کے تقاضے کچھ اور ہوتے ہیں لیکن قائد اعظم کی اس شادی کو متنازعہ بنانے کیلئے جن مسلمانوں نے کم ظرفی دکھائی اُن کی تفصیل خواجہ رضی حیدر کی انگریزی کتاب " رتی جناح " میں موجود ہے - ایک بھارتی مصنفہ شیلا ریڈی نے بھی 2017 میں " مسٹر اینڈ مسز جناح " کے نام سے ایک کتاب لکھی جس میں محترمہ فاطمہ جناح کو رتی اور قائد اعظم میں اختلاف کی وجہ ثابت کرنے کی کو شش کی ۔ زیف سید کے ناول میں موجود تاریخی واقعات شیلا ریڈی کو غلط ثابت کرنے کیلئے کافی ہیں ۔ خاوند اور بیوی میں اختلاف کوئی انہونی چیز نہیں ہے ۔ اختلاف کے باوجود رتی کو قائد اعظم سے بہت محبت تھی اور وہ انہیں پیار سے جے کہتی تھیں ۔ قائد اعظم اپنی سیاسی مصروفیات کی وجہ سے انہیں زیادہ وقت نہ دے پاتے جس پر وہ شکوہ کیا کرتیں ۔ ایک دفعہ رتی اپنے خاوند کے ساتھ دلی آئیں اور ساتھ میں ایک پالتو بلی کو بھی لے گئیں جس کا نام کاجل تھااورجس سے رتی کو بہت محبت تھی ۔ یہاںرتی کی بلی گم ہو گئی، اسےبہت ڈھونڈا گیا لیکن وہ نہ ملی، اس دوران قائد اعظم کی بمبئی واپسی کا وقت ہو گیا۔ اگلے دن اُنہیں ہائی کورٹ میں پیش ہونا تھا ۔ رتی اپنی بلی کے بغیر واپس جانے سے انکاری تھیں۔ لہٰذا قائداعظم اپنی مجبوری کی وجہ سے رتی کو دلی چھوڑ کر بمبئی واپس چلے گئے۔پھر رتی پیرس چلی گئیں اوروہاں بیمار پڑ گئیں ۔ قائد اعظم انکی تیمار داری کیلئے پیرس پہنچے ۔ ایک مہینہ اُن کے پاس رہے ۔ پیرس سے واپسی پر بحری جہاز سے 5 اکتوبر 1928 ء کو رتی نے انہیں ایک خط لکھا"جو کچھ آپ نے میرے لئے کیا اس سب کا بہت شکریہ ۔ اگر کبھی میرے رویے میں آپکی حساس طبیعت نے کوئی چڑچڑا پن یا بے رخی محسوس کی ہو تو یقین جانئے کہ میرے دل میں آپ کے لئے صرف اور صرف انتہا درجے کی نرمی اور محبت تھی"۔25 دسمبر 1928 ء کو قائد اعظم کی سالگرہ کے دن رتی نے تاج محل ہوٹل بمبئی میں ظہرانے کا اہتمام کیا ۔ 17 فروری 1929کو رتی دوباره بیمار پڑگئیں اور 20 فروری 1929 کو اپنی 29 ویں سالگرہ کے دن دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ جب رتی کو بمبئی کے علاقے مز گاؤں (آرام باغ )کے ایک مسلم قبرستان میں دفن کیا گیا تو اپنی محبت کی قبر پر مٹی ڈالتے ہوئے قائد اعظم پھوٹ پھوٹ کر رو دیئے ۔ اس ناول کے آخر میں 29 اگست 2012 ء کوممبئی حملوں میں ملوث اجمل قصاب کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا ذکر ہے جس میں کہا گیا تھا کہ جس تاج محل ہوٹل میں رتی کی محبت پروان چڑھی اُس پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا اور جس مزگاؤں میں رتی دفن ہیں وہاں بھی بم دھما کہ کیا گیا ۔

تازہ ترین