معروف پاکستانی کامیڈین علی گل پیر نے اداکارہ بینا چوہدری کے اپنے شوہر کی عاشق مزاجی سے متعلق بیان پر ایک مزاحیہ ویڈیو بنا ڈالی۔
حال ہی میں سینئر اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے یہ انکشاف کیا تھا کہ ان کے شوہر عاشق مزاج ہیں اور شوہر کا خواتین کی جانب جھکاؤ ایک تلخ حقیقت ہے۔
اب علی گل پیر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک نئی مزاحیہ ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں وہ مضحکہ خیز انداز میں ایک عاشق مزاج آدمی بنے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور بیک گراؤنڈ میں بینا چوہدری کا شوہر کی عاشق مزاجی سے متعلق دیا ہوا بیان سنا جا سکتا ہے جو کہ سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوا تھا۔
علی گل پیر نے ویڈیو میں میزبان ندا یاسر کی بھی انتہائی بے تکلفی سے نقل کی۔
علی گل پیر نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ یہ ویڈیو ان تمام خواتین کے لیے ہے جو عاشق مزاج شوہروں کے ساتھ ہیں۔
ان کی اس مزاحیہ ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا جا رہا ہے جبکہ صارفین کی جانب سے بینا چوہدری کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔