کراچی ( نیوز ڈیسک)آسٹریلیا کے شمال مغربی خطے کمبرلے سے ملنے والے 25 کروڑ سال قدیم ایمفیبیئن فوسلز نے ماہرینِ حیاتیات کو حیران کر دیا ہے، کیونکہ نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سمندری ماحول میں رہنے والے قدیم ’’سی- سلامینڈر‘‘ دنیا بھر میں پھیل چکے تھے۔ تحقیق، جو جریدہ Journal of Vertebrate Paleontology میں شائع ہوئی، سے پتہ چلتا ہے اس دور میں یہاں عجیب الخلقت ایمفیبیئن جانور بستے تھے جنہیں ٹیمنوسپونڈائل کہا جاتا ہے۔ یہ جانور شکل میں مگرمچھ اور سلامینڈر کے امتزاج جیسے دکھائی دیتے تھے اور مچھلیوں سمیت چھوٹے جانداروں کا شکار کرتے تھے۔1960 کی دہائی میں آسٹریلیا کے نونکنبا اسٹیشن کے علاقے میں بلینا شیل نامی چٹانوں سے ان جانوروں کی کھوپڑی کے ٹکڑے دریافت ہوئے تھے۔