دبئی کے علاقے البرشا میں گاڑی پر میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک اور پاکستانی جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد اموات کی تعداد 2 پاکستانیوں سمیت 4 ہوگئی۔
اس سے قبل 2 مارچ کو ابوظبی میں ڈرون حملے میں جاں بحق پاکستانی کی شناخت مرید زمان کے نام سے ہوئی تھی۔
پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ جاں بحق پاکستانی کی میت وطن منتقل کرنے کے اقدامات جاری ہیں، سفارتی حکام نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اماراتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ایرانی حملوں سے اموات کی تعداد 4 ہوگئی، جاں بحق افراد میں پاکستانی، نیپالی اور بنگلادیشی شہری شامل ہیں۔
ایرانی حملوں کے آغاز سے یو اے ای پر 238 بیلسٹک میزائل داغے گئے، ایرانی حملوں کے دوران یو اے ای پر 1422 ڈرون، 8 کروز میزائل فائر کیے گئے، آج یو اے ای پر 17 بیلسٹک میزائل اور 117 ڈرون حملے کیے گئے۔
اماراتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ 16 میزائل اور 113 ڈرون حملے ناکام بنا دیے، ایک میزائل اور 4 ڈرون سمندر میں گرے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے 2 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔
صدر مملکت کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے، بین الاقوامی برادری فوری اقدامات کرے، خطےمیں جاری کشیدگی دیگر ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے، تنازعات کا حل سفارتکاری اور تحمل میں ہے، پاکستان خطے میں امن، تحمل اور بین الاقوامی قانون کے احترام کی حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفارتی مشن ہر ممکن معاونت اور میتوں کی واپسی کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔