• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان دعوے محض پروپیگنڈا ہیں، پاکستان نے شہری علاقوں کو نشانہ نہیں بنایا: عطا تارڑ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ  افغانستان میں شہری علاقوں کو نشانہ نہیں بنایا، کارروائیاں صرف دہشت گردوں کے خلاف ہیں۔

غیر ملکی جرائد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں کسی بھی شہری علاقے کو نشانہ نہیں بنایا، پاکستان افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہا ہے اور ان کارروائیوں میں صرف دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے اور ان کے معاون نظام کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے اعداد و شمار حقیقت پر مبنی نہیں اور سنجیدہ تبصرے کے بھی قابل نہیں۔ 

انہوں نے افغان وزارت دفاع کے ترجمان کی جانب سے پاکستان کے خلاف میدان جنگ میں کامیابیوں کے دعوؤں کو محض پروپیگنڈا قرار دیا۔

وزیر اطلاعات نے اقوام متحدہ کے افغانستان میں قائم مشن کی ان رپورٹس کی بھی تردید کی جس میں افغان شہریوں کی ہلاکتوں کا ذکر کیا گیا تھا۔

 ان کا کہنا ہے کہ کابل میں قائم اقوام متحدہ کی ایجنسی کو ملنے والی معلومات کا زیادہ تر انحصار طالبان حکومت پر ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان حکومت اور افغان سرزمین سے سرگرم مختلف دہشت گرد تنظیموں کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے، افغان طالبان اور ٹی ٹی پی (فتنہ الخوارج) کی مشترکہ کارروائیاں اس تعلق کا واضح ثبوت ہیں۔

عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے کیے گئے تمام حملوں کا فوری اور مؤثر جواب دیا گیا اور پاکستان نے دہشت گردوں اور ان کے معاونین بشمول افغان طالبان کے فوجی اڈوں کو درست طریقے سے نشانہ بنایا۔

قومی خبریں سے مزید