راولپنڈی(جنگ نیوز ) راولپنڈی میں ملازمت پیشہ خواتین پر چاقو سے حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم نے حملوں کا اعتراف کرالیا ۔ملزم کی شناخت پریڈ کرائی گئی تو کئی زخمی خواتین نے اسے پہچان لیا ۔ بعض نہ پہچان سکیں ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 24 سالہ محمد علی نے مبینہ طور پر 17 خواتین پر حملہ کیا، جن میں سے ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہوگئیں۔پولیس کے مطابق مذکورہ شخص نفسیاتی مریض ہے ۔محمد علی کے 4 ساتھیوں کی شناخت سراج، اسد احمد، افسر مسیح اور الیاس کے نام سے کی گئی، جو اس سے قبل اڈیالہ جیل میں سزا بھی کاٹ چکے ہیں۔ ملزم کو سی ٹی ڈی نے بڑین سے چار روز پہلے گرفتار کیا تھا۔ محمد علی ناڑا مٹور کہوٹہ کا رہائشی ہے ۔ پولیس کے مطابق اس نے حملے جذبات میں آکر کئے۔ ملزم روالپنڈی میں کمپوٹر کورس کررہا ہے، اس کی ماں کا بچپن میں انتقال ہوگیا تھا جبکہ باپ نے دوسری شادی کرلی ۔ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے آج عدالت میں پیش کیا جائیگا۔