آتشزدگی سے متاثرہ گل پلازا کی بیسمنٹ میں پھر آگ لگ گئی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ آگ نشے کے عادی شخص سے لگی، جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے نے ابتدا میں بتایا تھا کہ ایک دکان کے ملبے سے دھواں اٹھ رہا ہے، جس کے باعث فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں گل پلازا پہنچ گئیں۔
دوسری جانب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنوبی عاصمہ بتول نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمارت پہلے سے سیل تھی، آگ بیسمنٹ میں لگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر علم نہیں آگ کتنی دکانوں میں لگی ہے، ٹیم اندر جانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایڈیشنل کمشنر کراچی جنوبی نے کہا کہ 3 فائر ٹینڈر آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔
ادھر ریکسیو حکام کا کہنا تھا کہ 5 فائر ٹینڈر گل پلازا پہنچ گئے ہیں، بیسمنٹ کے گیٹ نمبر ایک کے قریب دکان میں آگ لگی ہے۔
حکام واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی، نیپا اور صفورا ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ سخی حسن ہائیڈرنٹ پر واٹر ٹینکرز کو اسٹینڈ بائی پر کھڑا کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق واٹر کارپوریشن نے فوری طور پر واٹر ٹینکر جائے وقوع پر روانہ کردیے ہیں، انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔
حکام وارٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ فوکل پرسن سی ای او ہائیڈرنٹس سیل آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ واٹر کارپوریشن ریسکیو اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔
پولیس کے مطابق گل پلازا کے اندر سے نشے کے عادی شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ممکنہ طور پر نشے کا عادی شخص چوری کےلیے اندر داخل ہوا تھا، حراست میں لیےگئے شخص سے ہی ابتدائی طور پر آگ لگی ہے۔
واقعے کے بعد کراچی کے مصروف ترین ایم اے جناح روڈ کا ایک ٹریک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ تبت سینٹر سے نمائش جانی والی سڑک مکمل بند ہوگئی۔