• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا یوم پاکستان پر قوم کے نام پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے 23 مارچ 2026ء کے یوم پاکستان کے موقع پر پیغام جاری کردیا، جس میں پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دی ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ 23 مارچ کا دن جنوبی ایشیا کی تاریخ میں اہم سنگ میل ہے، 86 سال قبل برصغیر کی مسلم قیادت آزاد وطن کی بنیاد رکھنے کے لیے متحد ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ایسی ریاست کا تصور پیش کیا گیا جہاں مسلمانوں کے آئینی و سیاسی حقوق کو تخفظ حاصل ہو، 23 مارچ 1940ء کے تاریخی دن قراردادِ لاہور نے مسلمانوں کو عزم بخشا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اس کے7 سال بعد 14 اگست1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا، پاکستان ہمارے اسلاف کے تدبر، عزم، استقامت اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ قیامِ پاکستان کے بعد قوم نے ہر آزمائش میں غیر معمولی جذبے اور عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا، ایک نوزائیدہ ملک سے جوہری طاقت تک کا سفر استقامت اور آہنی عزم سے عبارت ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کے لیے انتھک محنت کرنا ہوگی، چیلنجز کے باوجود ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افراطِ زر کی شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے، مثبت اقتصادی اعشاریے درست سمت کا ثبوت ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کا دفاع کر رہے ہیں، آپریشن بنیانِ المرصوص میں مسلح افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں ہماری مسلح افواج نے عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا، مسلح افواج نے دشمن کے عزائم ناکام بنا کر ثابت کردیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 26 فروری 2026 کو طالبان غاصب ٹولے کی بلااشتعال جارحیت کا جواب آپریشن غضبِ للحق سے دیا گیا، یہ آپریشن محض عسکری کارروائی نہیں، یہ دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی علامت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کا داعی ہے تاہم جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ بھی مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے، پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی پر بھی گہری تشویش رکھتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان بطور ایک ذمے دار ریاست متوازن اور فعال سفارت کاری جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ مذاکرات ہی پائیدار امن کا راستہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یومِ پاکستان پر تحریکِ پاکستان کے قائدین اور کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر افسران اور دلیر جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنی تابندہ روایات کو سر بلند رکھنے کے لیے پر عزم اور کسی بھی آزمائش کا سامنا کرنے کے لیے مستعد ہے، لازوال جذبے، انتھک محنت اور مشترکہ جدوجہد سے مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر جاری رکھیں گے۔

قومی خبریں سے مزید