یومِ پاکستان پر مسلح افواج نے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف ظہیر بابر نے پیغام جاری کیا۔
مسلح افواج کا کہنا ہے کہ 23 مارچ 1940 تاریخ کا فیصلہ کن اور اہم ترین دن ہے، اسی دن نے برصغیر کے مسلمانوں کے آزاد وطن کے خواب کو سمت دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دن ایمان، امید اور استقامت سے بھرپور قومی عزم کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان جمہوریت کے سائے تلے مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان اسلامی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے ایک مضبوط ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے۔
افواج پاکستان نے کہا کہ ملک کو درپیش دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ جاری ہے، مسلح افواج، عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دشمن کے خلاف متحد اور ثابت قدم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواج ہر قسم کی جارحیت دہشتگردی کے خلاف ہمہ وقت تیار ہیں، پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر استحکام کے لیے کردار ادا کررہا ہے۔