• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشور حسین شاد باد میں اب روٹی کپڑا اور مکان کی فراہمی کے وعدے پر گزارا نہیں ہوگا اور اب جو بھی پارٹی سیاسی یا انقلابی نعرہ دے گی یا انتخابی منشور بنائیگی اسے اس میں روٹی ،کپڑا اور مکان کے ساتھ ساتھ پینے کیلئے شفاف وصاف پانی اور سانس لینے کیلئےصاف ستھری ہوا و فضا فراہم کرنے کا وعدہ بھی شامل کرنا ہوگا ۔میں نے اپنے گزشتہ دورہ پاکستان کے دوران دیکھا کہ ایک عام آدمی فضائی آلودگی کے علاوہ فلورائیڈ آمیز پانی استعمال کرنے سے مختلف امراض کا تیزی سے شکار ہو رہا ہے مجھے میرے ایک باخبر اور سینئر صحافی دوست امتیاز گل نے بتایا کہ ابھی تک مملکت خدا داد کے 50ہزار گاؤں پینے کے صاف پانی کی سہولت سے یکسر محروم ہیں جبکہ ہزاروں گاؤں ادویات ملا پانی پینے پر مجبور ہیں امتیاز گل نے مجھے تجویز پیش کی کہ تم کیوں نہیں یہاں "آکسیجن کلب" کھول لیتے اس سے کم از کم متمول طبقہ صاف ستھری ہوا کے حصول کیلئے تمہارے آکسیجن کلب پہنچ جائے گا اس نے مجھے بتایا کہ متمول طبقہ دیگر ضروریات زندگی کی مانند "ہوا اور پانی" بھی خریدنے کو تیار ہے یہی وجہ ہے کہ ہر ماہ صرف اسلام آباد میں کروڑوں روپے کے منرل واٹر کی تجارت ہو رہی ہے میں چونکہ اپنے "نظریات کا غلام" ہوں اس لیے مجھے ایسے متمول طبقے، جو شاید آبادی کا دو فیصد بھی نہیں ،سے کوئی دلچسپی نہیں میری دلچسپی اور تمام تر ہمدردی عوام کیلئے روٹی کپڑا اور مکان کے ساتھ ساتھ صاف ستھری آب و ہوا اور صاف شفاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ہے جس میں بدقسمتی سے غیر معمولی کمی ہوتی جا رہی ہے سوچا تھا قارئین سے آج ہلکی پھلکی باتوں کے علاوہ کچھ حکاتیں کچھ شکایتیں بیان کروں گا لیکن کشور حسین کی سیاسی ،سماجی، ثقافتی، آئینی اور ادبی صورتحال اتنی دگر گوںہے کہ چاروں طرف مسائل ہی مسائل ہیں آئینی مسائل، سائنسی مسائل، مذہبی مسائل، علاقائی مسائل، گروہی مسائل، لسانی مسائل ،ثقافتی مسائل ،تعلیمی مسائل، صحت عامہ کے مسائل ، دفاعی مسائل، اقلیتوں کے مسائل، بے روزگاری کے مسائل، زندگی کے سارے مسائل، اور آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ جہاں وسائل نہ ہو وہاں مسائل ہی ہوتے ہیں، ہر مسئلہ سو فیصد معاشی مسئلے سے جڑا ہوا ہے، تمام سیاسی و سماجی مسائل کی جڑیں معاشی مصائب اور پریشانی کی تہہ میں گڑی ہوئی ہیں مسائل حل نہ ہو رہے ہوںیا حل ہونے کی رفتار عوامی توقع اور صورتحال کے تقاضوں سے کہیں کم اور دھیمی ہو تو پریشان حال عوام کا پریشان ذہن ہو جانا فطری بات ہے مجھے صاف اور واضح طور پر نظر آرہا ہے کہ عوام رفتہ رفتہ حکومت، انتظامیہ، عدلیہ،منتخب اداروں اور معاشرے سے مایوس اور بدظن ہوتے جا رہے ہیں جمہوری ادارے مضبوط نہیں ہو پا رہے ایسے میں مایوس عوام کا منفی سمتوں کی طرف چل نکلنا کوئی اچنبھے کی بات نہیں علاقائی مذہبی وفرقہ پرستی اور لسانی مسائل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ علاقائی نفرت اور عصبیت بڑی محنت سے پھیلائی جا رہی ہے۔

ملک عزیز میں جس انداز سے مہنگائی نے پنجے گاڑے ہیں اسے محض طلب و رسد میں عدم توازن یا کمی بیشی کا نتیجہ قرار نہیں دیا جا سکتا غربت اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ عوام میں خودکشی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔پاکستان کے عام آدمی کو اب اس بات سے قطعی کوئی دلچسپی نہیں کہ پاک امریکی تعلقات کی نوعیت کیا ہے چینی سرمایہ کب اور کتنا آیا ہے سعودی عرب کو پاکستان سے کیوں اس قدر دلچسپی ہے مشرقِ وسطیٰ کی جنگ میں ہمارا کیا کردار ہوگا میرے حساب سے آج پاکستان میں ایک بڑا مسئلہ تشدد کا پھیلتا ہوا دائرہ بھی ہے اس تشدد کی آگ نے پاکستانیوں کو اپنی آغوش میں لے رکھا ہے جس سے پاکستان بری طرح متاثر ہو رہا ہے برصغیر کی تاریخ گواہ ہے کہ یہ ہمیشہ سے امن کا پیغامبر رہا ہے یہ دنیا کو بھائی چارے اور انسانی دوستی کا سبق دیتا رہا ہے جیسا کہ بیسویں صدی کے عظیم دانشور و مفکر روماں رولاں نے برصغیر کے بارے میں کہا ہے کہ "اگر اس سر زمین پر کوئی ایسی جگہ ہے جہاں تہذیب کے آغاز کے دنوں میں ہی سے انسان کے سارے خواب اور ارمان پورے ہوتے ہیں تو وہ جگہ برصغیر ہے" لیکن تلخ سچائی کہ آج اس برصغیر کے ایک حصے یعنی پاکستان کے سامنے ایک بڑا چیلنج ہے کہ آخر کس طرح ملک میں تشدد کی جنگاری پر منوں پانی ڈال کر اسے ہمیشہ کیلئے بجھایا جائے ۔ یہ سوال بہت پہلے اور کئی بار اٹھ چکا ہے کہ آخر ملک میں بحالی امن اور تشدد کے خاتمے کیلئے کون سا راستہ اپنایا جائے اس مسئلے پر میری جن دانشوروں سے بات ہوئی ہے انہوں نے الگ الگ اپنی رائے دی ہے لیکن میرے حساب سے ملک میں تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب سے اہم پاکستانی تعلیمی نصاب کو تبدیل کرنے اور نئے سرے سے نافذ اور رائج کرنے کی ضرورت ہے ۔اس معاملے میں میری اپنی سوچ و فکر اور رائے بالکل صاف اور واضح ہے۔کیا آپ بھی ایسا سوچتے ہیں؟؟؟

دلیلیں چھین کر سانسوں نے میری

سوالوں سے یہ سینہ بھر دیا ہے

تازہ ترین