وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر شیری رحمان سے ملاقات کی اور ان کی بیٹی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
کراچی میں وزیر اعظم شہباز شریف مختصر دورے پر کراچی پہنچے تو ایئربیس پر گورنر سندھ نہال ہاشمی، وزیر اعلیٰ سند مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، عطا تارڑ اور رانا ثنا اللّٰہ بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم وفد کے ہمراہ کلفٹن میں پیپلز پارٹی کی رہنماء سینیٹر شیری رحمان کے گھر گئے اور ان کی بیٹی ماروی ملک کے انتقال پر تعزیت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے فاتحہ خوانی بھی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جوان اولاد کے بچھڑنے کا غم والدین کے لیے ناقابل برداشت ہوتا ہے، اس غم کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں۔
بعدازاں میں وزیر اعظم شہباز شریف ڈیفنس میں زرداری ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنماء فریال تالپور اور رکن قومی اسمبلی میر منور تالپور کو ان کی بیٹی عائشہ تالپور کی شادی کی مبارکباد دی۔
اس موقع پر وفاقی وزراء کے وفد کے علاوہ گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔