لبنان میں جاری لڑائی کے دوران حزب اللّٰہ کے راکٹ حملے میں 1 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے 22 سالہ فوجی کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک فوجی پیراٹروپرز بریگیڈ کی 890ویں بٹالین سے تعلق رکھتا تھا۔
حزب اللّٰہ کے حملے میں مزید تین اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ اسی رات ایک علیحدہ حملے میں تقریباً 20 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حزب اللّٰہ نے 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے مشترکہ حملوں میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد دوبارہ حملوں کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل کو بھاری نقصان پہنچایا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں اپنی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے حزب اللّٰہ کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔
تازہ جھڑپوں کے بعد جنوبی لبنان میں لڑائی میں اب تک کم از کم 5 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ سرحدی علاقوں میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔