• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ سے علاج کیلئے مصر لے جائے گئے بچوں میں سے 4 لا پتہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

غزہ سے علاج کے لیے مصر لے جائے گئے بچوں میں سے 4 لا پتہ ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے الشفاء اسپتال پر اسرائیلی حملے کے بعد قبل از وقت پیدا کئی بچوں کو بہتر علاج اور دیکھ بھال کے لیے 2023ء میں مصر لے جایا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان میں سے 10 بچے واپس اپنے خاندانوں کے پاس غزہ پہنچا دیے گئے ہیں، والدین اپنے بچھڑے بچوں سے ملے تو انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے تاہم خان یونس کے ناصر اسپتال کے ڈاکٹر احمد الفرا نے انکشاف کیا ہے کہ اسپتال پر حملے کے بعد علاج کے لیے مصر لے جائے گئے بچوں میں سے 4 اب بھی لا پتہ ہیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے حملوں کے دوران 2023ء میں الشفاء اسپتال سے نکالے گئے 9 مہینے کے بچے اب 2 سال بعد اپنے خاندانوں کے ساتھ دوبارہ ملے، جس سے متاثرہ خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

اس موقع پر مائیں اپنے جگر گوشوں کو چومتے نہ تھک رہی تھیں، ایک ماں نے کہا کہ ڈھائی سال کے بعد بیٹا لوٹانے پر اللّٰہ کی شکر گزار ہوں۔

ایک بچے کے باپ نے بتایا کہ ان کا بچہ الشفا اسپتال میں ڈاکٹروں کے ساتھ تھا، ایک ماہ بعد انہیں معلوم ہوا کہ اس کا لخت جگر مصر میں ہے، ڈاکٹر اس کی تصاویر بھیجتے رہے، آج یقین نہیں آ رہا کہ بچہ ہمارے ساتھ ہے۔

فلسطین ریڈ کریسنٹ نے بچوں کی واپسی میں رشتے داروں اور طبی عملے کے ساتھ مدد کی، والدین نے اس لمحے کو اہم قرار دیا مگر مستقبل کے بارے میں تشویش بھی ظاہر کی، جبکہ جنگ اور بے دخلی کے اثرات نے بچوں کی دیکھ بھال کے نظام کو بدل کر رکھ دیا ہے اور عالمی ادارے اس بارے میں خبردار کر رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید