سعودی عرب میں موجود اہم امریکی فوجی اڈے پر ہونے والے ایرانی حملے میں امریکی فضائیہ کا انتہائی اہم جاسوس طیارہ ’ای تھری سینٹری‘ تباہ ہو گیا۔
تباہ شدہ امریکی جاسوس طیارے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، ان تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ 2 ٹکڑوں میں زمین پر گرا ہوا ہے اور اس کا ڈھانچہ بھی بری طرح متاثر نظر آ رہا ہے۔
امریکی حکام نے ابھی تک سوشل میڈیا پر وائرل ان تصاویر کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے، لیکن امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کی ایک رپورٹ میں ماہرین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ وائرل تصاویر میں نظر آنے والے تباہ شدہ طیارے پر موجود نشانات اسی مخصوص امریکی نظام کے ہیں جسے جنگ کے دوران ’امریکی افواج کی آنکھ‘ تصور کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل پرنس سلطان ایئر بیس پر ہونے والے ایرانی حملے میں 15 امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے، جن میں سے 5 امریکی فوجیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس حملے کی خاص بات انتہائی مہارت سے طیارے کے ریڈار سسٹم کو نشانہ بنانا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس حملے کے لیے ایران نے ڈرونز یا پھر سیٹلائٹ کے ذریعے حاصل کی گئی درست معلومات کا استعمال کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں نا صرف امریکی جاسوس طیارہ بلکہ ایندھن فراہم کرنے والے 2 بڑے ٹینکر طیارے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے یوکرینی صدر ولودیمیر زلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ 100 فیصد یقین ہے کہ ایران کو اس حملے کے لیے انٹیلی جنس معلومات روس نے فراہم کی ہیں۔