غزہ ،کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) فلسطینی محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ غزہ کے الشفا اسپتال سے31قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو نکال کرمصرمنتقل کردیا گیا ہے۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے الشفا اسپتا ل کو ڈیتھ زون قرار دیا ہے، ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ الشفا اسپتال کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے جہاں اب بھی 300مریض اور 25ہیلتھ ورکرز موجود ہیں۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے الشفا اسپتال کے نیچے 55میٹر گہری سرنگ کا سراغ لگالیا ہے ، ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈوہنام کا کہنا ہے کہ 31نومولودکو فلسطینی ہلال احمر اور اقوام متحدہ کے مشترکہ آپریشن سے رفح بارڈر کے قریب اماراتی فیلڈ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، الشفا اسپتال میں شعبہسرجری کے سربراہ مروان ابو صدا نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی فوجی اب بھی اسپتال میں موجود ہیں اور اسے ٹینکوں نے گھیر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اتوار کی صبح سے کم از کم دو دھماکے سنے ہیں۔ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجی ایک عمارت سے دوسری عمارت میں جا رہےہیں اور حماس کی سرنگوں کی تلاش کے لئے گراونڈ فلور اوراسپتال کے تہہ خانوں میں باقاعدگی سے دھماکےکررہےہیں۔