واشنگٹن کے نیشنل مال میں سونے کے ٹوائلٹ والا ایک بڑا تخت نصب کر کے وائٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش پر انوکھے انداز میں تنقید کی گئی ہے۔
نیشنل مال میں نصب کیے گئے اس تخت کو اس انداز سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ بظاہر دیکھنے میں ایسا لگ رہا ہے کہ اسے سنگ مرمر اور سونے سے بنایا گیا ہے۔
اس تخت پر بیٹھنے کے لیے کسی شاندار صوفے کے بجائے سنہرے رنگ کا ٹوائلٹ نصب کیا گیا ہے، جس پر لکھا ہے کہ’بادشاہ کے لیے ایک تخت موزوں ہے‘۔
اس فن پارے کو نصب کر کے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ امریکا میں سیاسی تقسیم اور معاشی مسائل پر بحث جاری ہے اور ایسی صورتِ حال میں امریکی صدر کی ترجیحات عوامی مسائل کے بجائے وائٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش تک محدود ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان ڈیوس انگل نے اس فن پارے پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس اور ہماری پوری قوم کے دارالحکومت کو پہلے سے کہیں زیادہ خوبصورت بنا رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ امریکی صدر اپنا کام کبھی نہیں روکیں گے اور ان وعدوں کو پورا کریں گے جن کے لیے وہ بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا میں دوسری بار اقتدار میں آنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن میں وسیع پیمانے پر تزئین و آرائش شروع کی ہوئی ہے، جس میں وائٹ ہاؤس کے ایسٹ ونگ کو گرا کر اس کی جگہ ایک بڑے بال روم کی تعمیر بھی شامل ہے۔