عراق نے 40 سال بعد فیفا ورلڈ کپ میں جگہ بنا لی، عراقی کھلاڑیوں نے میکسیکو کے مونٹے ری اسٹیڈیم میں انٹرکانٹینینٹل پلے آف کے دوسرے فائنل میں بولیویا کو 2-1 سے شکست د ے دی۔
عرب میڈیا کے مطابق علی الحامدی نے 10 ویں منٹ میں ابتدائی گول کیا جبکہ موئسز پانیواگا نے 28 ویں منٹ میں بولیویا کے لیے اسکور برابر کیا، ایمن حسین نے ہاف ٹائم کے بعد 53 ویں منٹ میں میچ کا فیصلہ کُن گول داغا۔
عراق کے کوچ گراہم آرنلڈ نے کھلاڑیوں کی محنت اور دفاع کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے حقیقی عراقی جذبے کے ساتھ کھیل کر یہ فتح دلائی۔
عراق کے گروپ آئی کے حریف فرانس، ناروے اور سینیگال ہوں گے۔
عراق اپنا پہلا میچ ناروے کے خلاف 16 جون کو بوسٹن میں، دوسرا میچ فرانس کے خلاف 22 جون کو فلاڈیلفیا میں اور گروپ کا آخری میچ سینیگال کے خلاف 26 جون کو ٹورنٹو، کینیڈا میں کھیلے گا۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو نے بھی پلے آف میں جمیکا کو 1-0 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
واضح رہے کہ عراق کی یہ ورلڈ کپ میں دوسری شرکت ہے، اس سے قبل عراق 1986ء میں میکسیکو میں اپنے تمام گروپ میچز ہار گیا تھا۔