• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیرت کدہ: ننھا سا حیرت انگیز حیاتاتی انجن

ضیاء الرحمٰن

بچو آج ہم آپ کو ایک ایسے جاندار کے بارے میں بتا رہے ہیں جو ایک چمچ چینی سے بھی ہلکا ہے، مگر اس کے اندر حیرت انگیز طاقت چھپی ہے۔ یہ ہے طائرِ طنان Hummingbird (ہمنگ برڈ) دنیا کا واحد پرندہ جو صرف آگے ہی نہیں، پیچھے، اوپر اور نیچے کی جانب بھی اڑ سکتا ہے، جو ایروڈائنامکس کے عام اصولوں کے خلاف ہے، حتیٰ کہ ہوا میں ایک جگہ رُک کر بھی معلق رہ سکتا ہے، بالکل ہیلی کاپٹر کی طرح۔

طائرِ طنان کے پر آٹھ کے ہندسے کی شکل میں گھومتے ہیں، اسی لیے وہ ہوا میں ٹھہر سکتا ہے۔ اس کادل ایک منٹ میں 1200 مرتبہ دھڑکتا ہے، تاکہ اس کے پر مسلسل حرکت میں رہیں۔ حیرت انگیز بات یہ کہ اس کا دل اس کے جسم کا تقریباً 10 فیصد ہوتا ہے، جو کسی بھی جاندار میں نسبتاً سب سے زیادہ ہے۔ اس کے پر ایک سیکنڈ میں 80 بار پھڑپھڑاتے ہیں، اس کے پر رنگین نہیں ہوتے، بلکہ روشنی کے زاویے بدلنے سے مختلف رنگ کے نظر آتے ہیں۔

یہ بارش میں بھی حیرت انگیز رفتار کے ساتھ پرواز کرتا ہے۔ بارش کے قطرے اس کے لیے مسئلہ نہیں، کیونکہ اس کے پروں پر پانی نہیں ٹھہرتا فوراً پھسل جاتا ہے۔ اس کی عام پرواز تقریباً 40 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے لیکن غوطہ Dive لگاتے وقت رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جاتی ہے۔ 

یوں اپنے جسم کے سائز کے حساب سے یہ دنیا کے تیز ترین جانداروں میں شمار ہوتا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ رات کے وقت، جب اس کی توانائی بہت کم ہو جاتی ہے، تو یہ پرندہ عارضی نیند جیسی حالت میں چلا جاتا ہے، جسے سائنسی زبان میں Hibernation کہا جاتا ہے۔ یہ کیفیت مختصروقت کے لیے ہوتی ہے، یہ اپنی توانائی بچاتا ہے، تاکہ اگلی صبح دوبارہ زندگی کی دوڑ میں شامل ہو سکے۔

اتنے چھوٹے سے جسم میں یہ زبردست حیاتیاتی انجن اللہ خالق کائنات کی کاریگری ہے، جس نے ہر چیز کو کمال کے ساتھ پیدا کیا۔