محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ 5 اپریل کی شام بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا اور یہ موسمی نظام 9 اپریل تک بالائی علاقوں میں برقرار رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے اضلاع پنجگور، گوادر، پسنی، تربت، خضدار، قلات، کوئٹہ اور ژوب میں 5 سے 7 اپریل تک بارشیں متوقع ہیں۔ اسی دوران بارکھان، لسبیلہ، کوہلو، نصیر آباد اور گردونواح میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں 6 سے 9 اپریل کے دوران بارشیں ہوں گی۔ متاثرہ اضلاع میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور شیخوپورہ شامل ہیں۔
سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور شکارپور میں 6 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقوں استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، نگر اور غذر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقوں باغ، راولاکوٹ اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔