برطانوی خبر ایجنسی نے سینئر ایرانی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ کسی بھی عارضی جنگ بندی کو مسترد کر دیا ہے۔
سینئر ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ تہران نے امریکا کے بات چیت کے لیے پیشگی شرائط رکھی ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی شرائط میں حملے روکنا، دوبارہ نہ ہونے کی ضمانت اور نقصانات کا معاوضہ ادا کرنا شامل ہے۔
ایرانی ذرائع کے مطابق تہران مستقبل میں کسی مستقل امن معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر باقاعدہ فیس (ٹول) عائد کرنے کا حق چاہتا ہے، ہر جہاز کو گزرنے کے لیے فیس ادا کرنی ہو گی۔
خبر ایجنسی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فیس جہاز کی قسم، اس کے کارگو (مثلاً تیل، گیس یا دیگر سامان) اور حالات کے مطابق مختلف ہو گی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے ایک نہایت اہم گزرگاہ ہے اور اس سے متعلق کسی بھی فیصلے کے اثرات عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر براہِ راست مرتب ہوتے ہیں۔