پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے اولمپئن منظور الحسن کو قومی ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ ایاز محمود کو جونیئر اور قمر ابراہیم کو انڈر 18 ہاکی ٹیم کی ذمہ داریاں مل گئیں۔
پی ایچ ایف نے سمیع اللّٰہ کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کے اراکین کا بھی اعلان کردیا۔
پی ایچ ایف کے اعلامیے کے مطابق ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے ڈھانچے کی مضبوطی اور بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر نتائج کے حصول کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی اور مختلف ٹیموں کے کوچز کا اعلان کردیا ہے۔
اولمپئن منظور الحسن کو ہیڈ کوچ، پاکستان سینئر ہاکی ٹیم مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایاز محمود کو ہیڈ کوچ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم اور قمر ابراہیم کو ہیڈ کوچ پاکستان انڈر-18 ہاکی ٹیم مقرر ہوئے ہیں۔
اولمپئن سمیع اللّٰہ خان جنہیں پہلے ہی چیئرمین سلیکٹرز مقرر کیا تھا انکی نگرانی میں کام کرنیوالی سلیکشن کمیٹی کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔
سلیکشن کمیٹی کے دیگر اراکین میں نعیم اختر، کاشف جواد، محمد خالد، عاطف بشیر اور ناصر علی شامل ہیں۔ پی ایچ ایف کے مطابق متعلقہ ٹیم کا ہیڈ کوچ کھلاڑیوں کے انتخاب کے وقت سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوگا تاکہ میرٹ اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق بہترین کھلاڑیوں کا چناؤ ممکن ہو سکے۔