• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیزفائر کی خلاف ورزیاں امن عمل کی روح متاثر کر رہی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیزفائر کی خلاف ورزیاں امن عمل کی روح کو متاثر کر رہی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وزیراعطم نے کہا کہ جنگ زدہ علاقہ میں بعض مقامات پر سیزفائر کی خلاف ورزی کی اطلاعات دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیزفائر کی یہ خلاف ورزیاں امن عمل کی روح کو متاثر کر رہی ہیں، تمام فریقوں سے مخلصانہ درخواست ہے کہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ تمام فریقوں سے مخلصانہ درخواست ہے کہ وہ 2 ہفتوں کی سیزفائر کا احترام کریں، اس مدت پر باہمی اتفاق ہوا ہے، تنازع کے پرامن حل کے لیے سفارت کاری کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، امریکی نمائندے اسٹیو وٹکاف، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کو بھی مخاطب کیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی 2 ہفتے کی جنگ بندی کی درخواست امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ایران پر بمباری اور حملے 2 ہفتے کےلیے معطل کرنے پر رضا مند ہوگئے۔

دوسری طرف ایرانی ٹی وی رپورٹ میں کہا کہ ایران نے پاکستان کی 2 ہفتے کی جنگ بندی کی تجویز کو قبول کیا تھا۔

ایرانی میڈیا نے سپریم سیکیورٹی کونسل کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ پاکستان کے ذریعے امریکا کو 10 نکاتی تجویز دی ہیں، جن کو حتمی شکل اسلام آباد میں امریکا سے بات چیت کے دوران دی جائے گی۔

ایران کا کہنا ہے کہ بات چیت کا آغاز جمعہ 10 اپریل سے ہوگا، دونوں فریقین نے اتفاق کیا تو مذاکرات کی مدت میں توسیع ہوسکتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید