امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف 40 دن تک جاری رہنے والی جنگ کے بعد 2 ہفتوں کی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی تیل بحران فوری طور پر ختم نہیں ہو گا۔
ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے دوران آبنائے ہرمز تقریباً بند رہی جہاں سے امن کے زمانے میں دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی تھی۔
راستہ بند ہونے سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 110 ڈالرز فی بیرل سے اوپر چلی گئی تھی، جنگ بندی کے اعلان کے بعد قیمت کم ہو کر 92 ڈالرز فی بیرل تک آ گئی ہے۔
گزشتہ 6 ہفتوں میں 100 سے زائد ممالک میں پیٹرول مہنگا ہوا۔
کئی ایشیائی ممالک نے توانائی ایمرجنسی نافذ کر کے گھر سے کام، کام کے کم اوقات کار، ایندھن راشننگ اور کرفیو جیسے اقدامات کیے۔
عرب میڈیا کے مطابق ماہرین کا اپنی رائے میں کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کھلنے کے باوجود صورتِ حال معمول پر آنے میں کئی ہفتے لگیں گے، بڑے آئل ٹینکرز دنیا کے مختلف حصوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں خلیج واپس پہنچنے میں وقت درکار ہو گا۔
ذخیرہ گاہیں بھر جانے کے باعث کئی ممالک نے تیل کے کنویں بند کر دیے ہیں جنہیں دوبارہ چلانا مہنگا اور تکنیکی طور پر مشکل عمل ہے۔
’الجزیرہ‘ کے تجزیے کے مطابق عراق، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی مشترکہ برآمدات فروری میں 469 ملین بیرل سے کم ہو کر مارچ میں 263 ملین بیرل رہ گئی ہیں، یعنی 206 ملین بیرل یا 44 فیصد کمی واقع ہوئی۔
عرب میڈیا کے مطابق عراق کی برآمدات میں 82 فیصد، کویت میں 75 فیصد، قطر میں 70 فیصد، سعودی عرب میں 34 فیصد، متحدہ عرب امارات میں 26 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ عمان واحد ملک رہا جہاں برآمدات 16 فیصد بڑھیں۔
’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ مقدار تقریباً 103 بہت بڑے کروڈ کیریئر جہازوں میں سما سکتی ہے۔
ایک ایسا جہاز تقریباً 2 ملین بیرل تیل لے جا سکتا ہے اور اس کی لمبائی تقریباً 330 میٹر ہوتی ہے جو پیرس کے ایفل ٹاور کے برابر سمجھی جاتی ہے۔
1 بیرل میں 159 لیٹر تیل ہوتا ہے جس سے اوسطاً 73 لیٹر پیٹرول تیار ہوتا ہے جبکہ باقی مقدار ڈیزل، جیٹ فیول اور دیگر مصنوعات میں استعمال ہوتی ہے۔
ماہرینِ اقتصادیات اور زرعی تجزیہ کاروں کے مطابق خوراک اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں پر اس بحران کے اثرات 2026ء اور 2027ء تک جاری رہ سکتے ہیں۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنگ کے دوران تباہ ہونے والی توانائی تنصیبات کی مکمل بحالی میں کئی سال لگنے کا امکان ہے۔