تتلیاں……
وہ صبح تتلیوں کی تلاش میں نکلتے ہیں۔
منہ اندھیرے، اپنی نیند سے مقابلہ کرتے ہوئے، خیر کی امید لئے۔
وہ دن بھر تتلیوں کا تعاقب کرتے ہیں۔
کبھی تپتے صحراؤں میں، کبھی گھنے جنگلات میں، کبھی برفیلے پہاڑوں میں،
اور شام ڈھلے وہ گھروں کو لوٹتے ہیں، بھوکے پیاسے، تھکے ہارے۔
اور دن بھر کی بھاگ دوڑ سے جو تھوڑی بہت تتلیاں ان کے ہاتھ آتی ہیں،
انہیں وہ اپنے بیوی بچوں میں بانٹ دیتے ہیں،
اور کسی معمولی نشست پر بیٹھ کر، چائے کا پیالہ لئے،
اپنے اہل خانہ کی معمولی مسرتوں کا نظارہ کرتے ہیں۔
یہ ہم مزدوروں کی کہانی ہے،
جو روز صبح رزق کی تتلیاں تلاش کرنے نکلتے ہیں۔