بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اپنی نئی ہارر کامیڈی فلم ’بھوت بنگلہ‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے۔
فلم ’بھوت بنگلہ‘ کی پروڈکشن ٹیم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جو کہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
اس وائرل ویڈیو میں اکشے کمار کو ایکشن سے بھرپور ایک اسٹنٹ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ واقعہ کب پیش آیا یا اداکار کو کتنی خطرناک چوٹ لگی، یہ ابھی تک واضح نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اکشے کمار اپنی شاندار اداکاری کے علاوہ ایکشن سے بھرپور فلموں میں اپنے اسٹنٹس خود کرنے کے لیے بھی مشہور ہیں۔
مارشل آرٹس میں تربیت یافتہ اداکار نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ میں فلموں میں ایکشن سکوینسز کے لیے وی ایف ایکس اور اے آئی انڈسٹری پر بڑھتے ہوئے انحصار سے بالکل مطمئن نہیں ہوں۔
اُنہوں نے کہا تھا کہ آج کل جس طرح سے ایکشن فلمیں بن رہی ہیں ان میں بہت فرق ہے، پہلے ایکشن اصلی ہوتا تھا، اب سب کچھ وی ایف ایکس کے ذریعے ہوتا ہے۔
اکشے کمار نے یہ بھی کہا کہ وی ایف ایکس میں سب کچھ فرضی لگتا ہے، میں ایک ایسی فلم بنانا چاہتا ہوں جو حقیقی ہو۔
فلم ’بھوت بنگلہ‘ کے ہدایت کار پریہ درشن ہیں اور اداکار 15 سال بعد ان کے ساتھ دوبارہ کام کر رہے ہیں۔
اس سے قبل یہ دونوں فلم ’ہیرا پھیری‘، ’گرم مسالہ‘، ’بھول بھولیاں‘، ’بھاگم بھاگ‘ اور ’کھٹا میٹھا‘ جیسی ہٹ کامیڈی فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔